قصور(خصوصی رپورٹ) قصور کے نواحی گاؤں کیسرگڑھ میں زہریلا پانی پینے سے متعدد جانور متاثر، 6 ہلاک ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق کیسرگڑھ قصور میں مقامی کسانوں کی جانب سے مکئی کی فصل کو پانی دیا گیا تھا، جس کے بعد نکاسی آب کا پانی ایک کھالے میں جمع ہو گیا۔ قریبی موجود تقریباً 100 جانوروں نے یہ پانی پی لیا جس کے باعث ان کی حالت غیر معمولی طور پر خراب ہونا شروع ہو گئی۔ متاثرہ جانوروں میں بے چینی، کمزوری اور دیگر طبی علامات ظاہر ہونے لگیں جبکہ 6 جانور جانبر نہ ہو سکے۔اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو 1122 اہلکاروں نے علاقے کو محفوظ بنایا اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ لائیو سٹاک کو آگاہ کیا۔ماہرین کی جانب سے پانی کے نمونے بھی حاصل کیے جا رہے ہیں تاکہ جانوروں کی ہلاکت اور بیماری کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔