اداکارہ ایشا رِکھی نے گلوکار بادشاہ کے ساتھ شادی کی تصدیق کر دی

دہلی (شوبز ڈیسک )بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کی اداکارہ ایشا رِکھی نے بالآخر ریپر اور گلوکار بادشاہ کے ساتھ اپنی شادی کی تصدیق کر دی ہے۔دونوں کی شادی کی افواہیں گزشتہ چند ماہ سے میڈیا اور مداحوں کے درمیان زیرِ بحث تھیں، تاہم اب اداکارہ نے ایک رومانوی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان تمام چہ مگوئیوں کو ختم کر دیا ہے۔ اداکارہ نے یہ انکشاف انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا۔ ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ اگر وہ اور بادشاہ شادی شدہ ہیں تو پھر دونوں ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر فالو کیوں نہیں کرتے۔اس سوال کے جواب میں ایشا رِکھی نے کہا، مجھے مسلسل یہی سوالات موصول ہو رہے ہیں کہ کیا میری شادی ہو چکی ہے؟ کیا میری شادی بادشاہ سے ہوئی ہے؟ ہم ایک دوسرے کو فالو کیوں نہیں کرتے اور ساتھ تصاویر کیوں پوسٹ نہیں کرتے؟اداکارہ نے تمام افواہوں کو ختم کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا، جی ہاں، میری شادی ہو چکی ہے۔سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو فالو نہ کرنے کے سوال پر ایشا نے کہا میرے خیال میں میرے شوہر کو اس سوال کا جواب دینا چاہیے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ شادی کی تصدیق کے باوجود بادشاہ نے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔