اینڈی پائی کرافٹ متنازع میچ ریفری’’ آئوٹ‘‘گرین
پاکستان کے میچ کے ریفری چی رچرڈسن ہونگے، متنازع ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاک بھارت میچ کی ٹاس کے وقت روایتی مصافحہ نہیں ہونے دیا تھا جس پر پاکستان نے آئی سی سی سے رجو ع کیا تھا،
اے سی سی تحقیقات میں اینڈی کا رویہ جانبدار قرار
لاہور،دبئی (سپورٹس ڈیسک) ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کپ میں ریفری کا تنازع حل ہوگیا، آئی سی سی نے پاکستان کا مطالبہ تسلیم کرلیا ، پاکستان کے آئندہ میچز میں اینڈی پائی کرافٹ ریفری نہیں ہونگے ، ذرائع کے مطابق گرین شرٹ آج یو اے ای کے خلاف میدان میں اترے گی۔ میچ کے ریفری رچی رچرڈسن ہونگے۔ ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ میں سپرٹ آف کرکٹ کی خلاف ورزی کے معاملے پر پاکستان نے آئی سی سی سے رجو ع کیا تھا۔اس معاملے پر اسلام آباد میں پی سی بی کے اعلیٰ حکام کا اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے، اجلاس میں مختلف آپشنز پر غور کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینڈی پائی کرافٹ کو نہ ہٹانے پر قومی ٹیم کی ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کی دھمکی دے رکھی ہے۔دوسری طرف دبئی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے پریس کانفرنس بھی منسوخ کر دی ۔ٹیم ذرائع کے مطابق پاکستانی کھلاڑی نے گزشتہ شام ساڑھے 7 بجے پریس کانفرنس کرنا تھی تاہم اسے منسوخ کر دیا گیا ۔ ایشیاکپ میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا۔دریں اثنا ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے کی جانے والی خفیہ انٹرنل تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے بھارت کے خلاف کھیلے گئے حالیہ میچ کے دوران جانبداری کا مظاہرہ کیا اور بھارتی حکام کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ذرائع کے مطابق تحقیقات میں واضح طور پر دیکھا گیا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے میچ کے دوران متعدد بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔رپورٹ کے مطابق ٹاس کے وقت میچ ریفری نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو مائیک بند کرکے بات سننے کا کہا جو ضوابط کے خلاف اقدام تھا۔مزید انکشاف ہوا ہے کہ میچ ریفری نے سلمان آغا کو بھارتی کھلاڑی سوریا کمار یادیو سے ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت کی۔یاد رہے کہ آئی سی سی قوانین کے تحت میچ ریفری کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ براہ راست کھلاڑیوں یا کپتان کو میدان میں مخصوص احکامات جاری کرے۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ سلمان علی آغا کو میچ شروع ہونے سے 30 سیکنڈ قبل مخصوص الفاظ ادا کرنے سے روکنا ایک "پری پلانڈ" (منصوبہ بند) عمل تھا تاکہ کسی متنازعہ ردعمل سے بچا جا سکے۔ذرائع کے مطابق میچ ریفری نے بھارتی بلے باز سوریا کمار یادیو کو "آپریشن سندور" جیسے جملے کے استعمال پر کسی بھی تادیبی کارروائی سے محفوظ رکھا جسے جان بوجھ کر نظرانداز کیا گیا تاکہ کھلاڑی پر کوئی جرمانہ عائد نہ ہو۔