احمد آباد: بھارتی شہر احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز AI-171 کے حادثے سے متعلق امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ابتدائی رپورٹ میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارہ احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل ایئرپورٹ سے دوپہر 1 بج کر 38 منٹ پر روانہ ہوا، تاہم محض دو منٹ بعد ہی طیارہ درخت سے ٹکرا کر رہائشی علاقے میگھانی نگر میں گر کر تباہ ہو گیا۔سی این این کے مطابق طیارے کے پائلٹس کو مےڈے (Mayday) سگنل بھیجنے کا وقت نہ ملا کیونکہ طیارہ انتہائی کم بلندی پر ہی قابو سے باہر ہو چکا تھا۔ ایوی ایشن ٹریکر "فلائٹ رادار 24" کے مطابق ٹیک آف کے ایک منٹ کے اندر طیارے کی بلندی 625 فٹ تھی، اور پھر اچانک ایئر ٹریفک کنٹرول سے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ڈی جی سی اے کے مطابق جہاز میں 238 مسافر اور 12 عملے کے ارکان سوار تھے۔
حادثے کا شکار یہ پرواز لندن کے گیٹوک ایئرپورٹ پر شام 6:25 بجے لینڈ کرنے والی تھی۔بوئنگ کمپنی نے اپنے ابتدائی ردِعمل میں کہا ہے کہ وہ صورتحال سے آگاہ ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات میں تعاون کرے گی۔حادثے کے بعد برطانیہ، پرتگال اور کینیڈا کی حکومتوں نے اپنے سفارتی عملے کو فوری متحرک کر دیا ہے تاکہ متاثرہ شہریوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا سکیں۔حادثے کے نتیجے میں درجنوں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔