نئی دہلی: بھارت کے وزیر برائے سول ایوی ایشن رام موہن نائیڈو نے کہا ہے کہ پھوکٹ سے دہلی آنے والی ایئر انڈیا کی پرواز دورانِ سفر شدید فضائی جھٹکوں (ٹربولنس) کا شکار ہوئی، جس کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہو گئے۔
رام موہن نائیڈو کے مطابق طیارہ تقریباً 4 سے 5 منٹ تک شدید جھٹکوں کی زد میں رہا۔ زخمی ہونے والوں میں فضائی عملے کے ارکان بھی شامل ہیں، جن میں بعض کو گردن اور ریڑھ کی ہڈی کے نچلے حصے پر چوٹیں آئیں۔انہوں نے بتایا کہ 4 فضائی میزبان تاحال اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ 13 زخمی مسافروں کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر انڈیا کا ایئر بس A320 نیو طیارہ 137 مسافروں اور 8 رکنی عملے کے ساتھ تھائی لینڈ کے شہر پھوکٹ سے نئی دہلی روانہ ہوا تھا۔ دہلی پہنچنے سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل طیارے کو اچانک شدید فضائی جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑا۔
سول ایوی ایشن کے وزیر نے زخمی ہونے کے باوجود طیارے کے عملے کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عملے کے ارکان نے مشکلات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں اور طیارے کی محفوظ لینڈنگ یقینی بنائی۔رام موہن نائیڈو نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (DGCA) نے طیارے کے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔