کمسن بچے سے بدفعلی وقتل: مجرم کی اپیل خارج،سزائے موت برقرار

سنگین و انسانیت سوز جرائم میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں : چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
لاہور(آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ نے کمسن بچے سے بدفعلی کے بعد کرنٹ لگا کر قتل کرنے کے مجرم ندیم اسلم کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ ایسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔مجرم ندیم اسلم کے خلاف مقدمہ تھانہ ہنجروال لاہور میں درج کیا گیا تھا جس میں اس پر الزام تھا کہ اس نے ساڑھے 3 سالہ بچے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد کرنٹ لگا کر بے دردی سے قتل کیا، سیشن عدالت لاہور نے 2022میں مجرم کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔مجرم نے اس فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی جسے عدالت نے شواہد اور دلائل کی روشنی میں خارج کر دیا۔