امریکا نے فلسطینیوں کو امداد دینے والی 6تنظیموں،5افراد پر پابندیاں عائد کردیں

 فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی مالی معاونت میں ملوث ، دہشتگرد تنظیمیں قرار دے کر بلیک لسٹ کر دیا گیا،محکمہ خزانہ
واشنگٹن (آن لائن)امریکا نے فلسطینیوں کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے والے 6خیراتی اداروں اور 5افراد پر دہشتگردی کے الزامات کے تحت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ان تنظیموں پر الزام ہے کہ وہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی مالی معاونت میں ملوث ہیں، جس کے تحت انہیں دہشتگرد تنظیمیں قرار دے کر بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔پابندی کا شکار تنظیموں میں غزہ کی الویام چیریٹیبل سوسائٹی، الجزائر کی البرکہ چیریٹی ایسوسی ایشن، ترکیہ کی فلسطین وقف فائونڈیشن، نیدرلینڈز کی اسرا ء فائونڈیشن، مقبوضہ مغربی کنارے کی تنظیم ادمیر اور اٹلی کی لا کپولا دی اورو شامل ہیں۔ امریکی بیان کے مطابق ان اداروں کے تمام امریکی اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی واضح کیا گیا کہ انسانی ہمدردی کی آڑ میں فنڈنگ کا غلط استعمال دہشتگرد عناصر کو مضبوط کر رہا ہے، جو فلسطینی عوام کے لیے نقصان دہ ہے۔ پابندی کا شکار افراد میں محمد براہیمی(الجزائر)، ذکی عبداللہ ابراہیم عراروی(ترکیہ)، امین غازی ابوراشد اور اسرا ابوراشد(نیدرلینڈز)اور محمد حنون(اٹلی)شامل ہیں۔محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کا مقصد سزا دینا نہیں رویے کی اصلاح ہے، اور اگر کسی نے ان پابندیوں کی خلاف ورزی کی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔