مقامی طور پر لیتھیم بیٹری کی تیاری کیلئے خام مال ‘ بیٹری ٹرمینل، سولر انورٹر پارٹس، ڈی سی فین اور ڈی سی بریکرز کے خام مال پر بھی ڈیوٹی ختم
اسلام آباد(آئی این پی )سولر پینل کی قیمت راتوں رات 3 ہزار بڑھ گئی، جس پر چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے یہ کہہ کر جان چھڑا لی کہ قیمتوں کا کنٹرول ہمارے دائرہ کار میں نہیں یہ صوبوں کا ہے۔بدھ کو پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ بجٹ کی شام 18 فیصد ٹیکس کا اعلان ہوتے ہی راتوں رات سولر پینل کی قیمت میں 3 ہزار روپے کا اضافہ ہو گیا ہے اور عوام کا ایک اور خواب ادھورا رہ گیا ہے۔بجلی اتنی مہنگی ہے کہ عوام بل نہیں دے سکتے۔دریں اثناء سولر پینل کی مقامی تیاری کے خام مال پر ڈیوٹی اور ٹیکسز میں کمی کر دی گئی۔رپورٹ کے مطابق اس کی مشینری اور سیل پر ڈیوٹی ختم جبکہ ایلمونیم اور سلور پیسٹ کے اوپر ڈیوٹی صفر کر دی گئی۔سولر پینل کی لیب ٹیسٹنگ آلات پر بھی ڈیوٹی صفر کر دی گئی۔دوسری جانب مقامی طور پر لیتھیم بیٹری کی تیاری کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے خام مال پر ڈیوٹی ختم کر دی گئی۔لیتھیم بیٹری کے سیل اور تانبے کی بار اور کیسنگ پر ڈیوٹی صفر کر دی گئی، ڈی سی فین اور ڈی سی بریکرز کے خام مال پر ڈیوٹی ختم کر دی گئی۔سولر پینل کے ڈسپلے بورڈز، بیٹری ٹرمینل، سولر انورٹر پارٹس، کنٹرول بورڈ و پاور بورڈ، سولر سسٹم کی مانیٹرنگ بورڈ کی تیاری کے خام مال، اس کی مانیٹرنگ، ڈی سی بورڈ اور ایل سی ڈی ڈسپلے پر ڈیوٹی ختم کر دی گئی۔