ویب ڈیسک: لاہور کے مختلف علاقوں میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، ٹھنڈی ہواؤں اور بارش سے گرمی اور حبس کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی ہے۔
ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، اور ملحقہ علاقوں میں اچانک گہرے بادل چھا گئے اور چند ہی لمحوں بعد موسلا دھار بارش شروع ہو گئی۔صبح سے ہی سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری تھی، تاہم دوپہر کے وقت بادل مکمل طور پر چھا گئے اور بارش نے شہر کو جل تھل کر دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں شہر کے مزید علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ بارش کے بعد درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہریوں نے موسم خوشگوار ہونے پر سکھ کا سانس لیا اور بعض مقامات پر بچوں نے بارش میں خوب ہلہ گلہ کیا۔دوسری جانب بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں، جس پر واسا کی ٹیموں کو فوری نکاسی آب کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔