حکومت پاکستان نے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے شہداء کے لیے "ہلاک" کا لفظ استعمال کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔یہ اقدام پشاور ہائی کورٹ میں محمد حمدان ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر کیا گیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ قومی شہداء کے لیے "ہلاک" جیسے الفاظ کا استعمال ان کی قربانیوں کی توہین کے مترادف ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ:“تمام نیوز چینلز، اخبارات، رسائل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سیکیورٹی فورسز کے شہداء کے لیے ’ہلاک‘ کا لفظ استعمال نہ کیا جائے۔ اس کی جگہ قابلِ احترام لفظ ’شہید‘ یا ’شہداء‘ استعمال کیا جائے۔”درخواست گزار ایڈووکیٹ محمد حمدان نے مؤقف اپنایا کہ شہداء قوم کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دیتے ہیں اور ان کے لیے غیر موزوں الفاظ استعمال کرنا غیر قانونی، غیر اخلاقی اور قومی وقار کے خلاف ہے۔اس فیصلے کو قومی اداروں اور عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے، کیونکہ یہ نہ صرف شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کا ایک قدم ہے بلکہ میڈیا کے لیے اخلاقی رہنمائی بھی فراہم کرتا ہے۔