خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ حالانکہ فسطائیت اور روک ٹوک کے باوجود پی ٹی آئی نے کامیاب اور پرامن احتجاج کیا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں گرفتاریوں کے باوجود عوام نے بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر جعلی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیا ہے۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ لاہور کے عوام نے شریف خاندان کو ان کا اصل چہرہ دکھایا، اور ان کا سیاسی مستقبل صرف فارم 47 سے جُڑا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پارٹی کی قیادت اور عوام اب بانی پی ٹی آئی کی دوسری کال کا انتظار کر رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کل عوام کا سمندر سڑکوں پر دیکھ کر جعلی حکومت کی ہمت جواب دے گئی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا راستہ اب کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مارچ کی قیادت کامیابی سے کی، اور وہ بانی پی ٹی آئی کی دوسری کال کے شدت سے منتظر ہیں۔بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ ہم دوبارہ نکلیں گے، چاہے اسلام آباد جانا ہو یا لاہور۔