وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز: "فلسطین اور کشمیر پر آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا"

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز:

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امید کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہمت اور حوصلے سے امید کی روشنی یقین کا تابندہ سورج بن جاتی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ امید ایک ایسا جذبہ ہے جو ہمیں مشکلات کے باوجود آگے بڑھنے کی طاقت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ:"یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ چیلنجز چاہے جتنے بھی ہوں، امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔ ان شاء اللہ جلد ہی فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام پر آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔"
 مسلم لیگ (ن) عوام کی امید بن چکی ہے، مریم نواز
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کے لیے امید کی علامت بن چکی ہے، اور پارٹی کی قیادت عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ:"امید ہے کہ پنجاب کے عوام کو معیاری صحت کی سہولیات میسر آئیں گی۔""ہر بچے کو لیپ ٹاپ، ہونہار طلبہ کو اسکالرشپ اور معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔"
"ہر بے گھر فرد کو اپنا گھر ملے گا۔""ہر کسان کو لہلہاتی فصلیں دیکھنے کا سکھ نصیب ہوگا۔"
 عوام کی امیدوں کی ترجمان
مریم نواز نے کہا کہ:"امید ہمیں اندھیروں میں بھی روشنی کی کرن تلاش کرنے کی تحریک دیتی ہے۔ عوام کو بھی یہی امید تھی کہ اگر مسلم لیگ (ن) حکومت میں آئے گی تو لیپ ٹاپ اسکیم، ہونہار اسکالرشپس، مفت ادویات اور دیگر سہولیات دوبارہ بحال ہوں گی۔"وزیراعلیٰ کا پیغام ایک مرتبہ پھر اس بات کا عکاس ہے کہ حکومت عوام کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے، اور یہ امید ہی ہے جو قومی ترقی کی بنیاد بن سکتی ہے۔