بھارت کی ہندوتوا سوچ پوری دنیا پر عیاں ہو گئی: مشعال ملک

بھارت کی انتہا پسند پالیسیوں کو روکا جائے اور کشمیریوں کو اْن کا حقِ خودارادیت دیا جائے،مقررین 
اسلام آباد (آن لائن) حریت رہنما  یسٰین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ شملہ معاہدے کے پچاس برس دیکھ لیے، اب وقت بدل چکا ہے اور بھارت کی ہندوتوا سوچ پوری دنیا پر عیاں ہو گئی ہے، بھارت خود دہشتگردی کروا کر پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔  اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز میں یومِ شہداء کشمیر کی تقریب ہوئی، جس میں مشعال ملک، نسیم زہرہ اور ڈاکٹر قمر چیمہ نے کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور بھارتی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ آر ایس ایس اور جے ایس ایس کا گٹھ جوڑ ایکسپوز ہو چکا، بھارت خود دہشتگردی کروا کر پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔ نسیم زہرہ نے خطاب میں کہا کہ مودی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے خطے کے امن کو سبوتاژ کیا اور یو این قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔ ڈاکٹر قمر چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، لیکن اْس وقت کی حکومت خاموش رہی۔ مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ بھارت کی انتہا پسند پالیسیوں کو روکا جائے اور کشمیریوں کو اْن کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔