اسلام آباد (یواین پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سر ڈھاکا بلوچستان میں بے گناہ مسافروں پر فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے بیان کے مطابق سپیکرقومی اسمبلی نے دہشتگردی کا نشانہ بننے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وہ شہدا کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں پر حملہ انسانیت سوز بربریت کی بدترین مثال ہے، دہشتگرد عناصر قومی وحدت اور امن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ قوم بھارتی سرپرستی میں ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہے، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔