بانی پی ٹی آئی کے بیٹے تحریک میں شامل ہوتے ہیں تو بڑا اثر آئیگا:فواد ،زبیر

پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت میں وہ دم خم نہیں جوتحریک کودوبارہ فعال کرسکے ،سابق وفاقی وزیر 
موجودہ حکومت سے بات کرنا بالکل بیکار ہے،سابق گورنر سندھ ،نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی شمولیت سے تحریک کو نئی زندگی مل سکتی ہے۔ فواد چودھری نے موجودہ قیادت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جبکہ محمد زبیر نے حکومت سے مذاکرات کو بے معنی قرار دیا۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف کے بانی کے بیٹے سلیمان یا قاسم سیاست میں فعال کردار ادا کریں تو تحریک میں نئی جان پڑ جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ برصغیر میں خاندانوں کا اثر بہت ہوتا ہے اور اگر بانی کے بیٹے تحریک میں شامل ہوتے ہیں تو بڑا مجمع بھی اکٹھا ہوگا۔انہوں نے پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس میں وہ دم خم نہیں جو تحریک کو دوبارہ فعال کر سکے۔سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے بھی موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان سے بات کرنا بالکل بے کار ہے۔ ان کی پارٹی سب کو ساتھ لے کر چلنے کی حکمت عملی نہیں اپناتی، یہ سب سے بڑی ناکامی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بانی کے بیٹے سامنے آئیں گے تو یقینی طور پر سیاسی منظرنامے میں بہت فرق آئے گا۔محمد زبیر نے کہا کہ ایئر پورٹ سے اترتے ہی عمران خان کے بچوں کو گرفتار کیا جا سکتا ہے، حکومت ہر انتہا تک جائے گی۔