بھارت کے ڈیمز بھریں گے تو وہاں سے پانی آئیگا:سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی

 ڈیم بنانے، زمین کے درست استعمال کی ضرورت ہے:قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی   کو بریفنگ 
    سیلاب، بارشوں نے تباہی مچا رکھی ہے، وفاقی وزیر اجلاس سے غائب ہیں:رکن کمیٹی   طاہرہ اورنگزیب 
اسلام آباد(آئی این پی )سیکریٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی نے  قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی  کو آگاہ کیا  بھارت سے پانی کا آنا مسئلہ نہیں ہے، بھارت کے ڈیمز بھریں گے تو وہاں سے پانی آئے گا، ہمیں ڈیم بنانے، زمین کے درست استعمال کی ضرورت ہے۔ قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس چیئر پرسن منزہ حسن کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں سیلابی صورت حال پر غور کیا گیا۔۔سیکریٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ ہمیں ڈیم بنانے اور زمین کے درست استعمال کی ضرورت ہے۔اس موقع پر کمیٹی کی رکن طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ ملک بھرمیں سیلاب، بارشوں نے تباہی مچا رکھی ہے، وفاقی وزیر مصدق ملک نے اجلاس میں ایک بار بھی شرکت نہیں کی، ملک میں اس قدر سیلاب آیا ہوا ہے، آئندہ اجلاس میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی کو بلائیں۔چیئرمین کمیٹی نے تبصرہ کیا کہ وفاقی وزیر بند باندھنے میں مصروف ہیں، اس لیے نہیں آئے ہوں گے۔سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر کا ایک اسائمنٹ لگایا ہے، وہ وہاں مصروف ہیں، اس لیے نہیں آسکے۔