اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے موجودہ ڈیجیٹل دور میں فیک نیوز ایک نیا ہتھیار بن چکا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے میڈیا اور انفارمیشن لٹریسی کو قومی دفاع کی پہلی لائن بنانا ہوگا۔ وہ ادارہ فروغ قومی زبان اسلام آباد میں یونیسکو کے زیر اہتمام منعقدہ میڈیا اور انفارمیشن لٹریسی فریم ورک پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خبر کی تصدیق اس دور کا سب سے بڑا چیلنج بن چکی ہے، جس کے تدارک کے لیے حکومت میڈیا لٹریسی پر مبنی ایک قومی چارٹر تشکیل دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی اور معلومات کا غیر محتاط امتزاج جمہوریت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا اگر امریکہ جیسی مضبوط جمہوریت میں صدارتی انتخابات فیک انفارمیشن کا شکار ہو سکتے ہیں تو یہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ وفاقی وزیر نے میڈیا تنظیموں پر زور دیا کہ وہ یکجا ہو کر ایک خودمختار محتسب مقرر کریں تاکہ غیر ذمہ دارانہ اور جھوٹی خبریں نشر کرنے والوں کا سخت احتساب ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کو فکری طور پر مضبوط بنانے کے لیے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کو روایتی تدریسی طریقوں کی بجائے تنقیدی سوچ کی تربیت پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے تمام وائس چانسلرز سے اپیل کی کہ یونیورسٹی سطح پر میڈیا لٹریسی کورس کو ہر تعلیمی پروگرام کا لازمی حصہ بنایا جائے تاکہ نوجوان سچ اور جھوٹ میں فرق کرنا سیکھ سکیں۔