تل ابیب(آئی این پی )ایران میں ممکنہ امریکی مداخلت کے پیشِ نظر اسرائیل ہائی الرٹ پر ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بارہا مداخلت کی دھمکیوں اور ایرانی حکومت کو مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے خبردار کرنے کے بعد اسرائیلی سکیورٹی اداروں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ بات کی وضاحت نہیں ہے کہ ہائی الرٹ کی عملی شکل کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں ایران میں ممکنہ امریکی مداخلت پر بات چیت کی گئی۔ ایک امریکی عہدیدار نے دونوں رہنمائوں کے درمیان گفتگو کی تصدیق کی تھی تاہم زیرِ بحث آنے والے موضوعات کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ایران آزادی کی طرف دیکھ رہا ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ امریکا ایرانی مظاہرین کی مدد کے لیے تیار ہے۔