دنیا کی توجہ سندھ پر اس لیے مرکوز ہوئی کیونکہ ہم نے نتائج دیے، وزیراعلیٰ سندھ

دنیا کی توجہ سندھ پر اس لیے مرکوز ہوئی کیونکہ ہم نے نتائج دیے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایشیا-پیسیفک شیلٹر اینڈ سیٹلمنٹس فورم 2026 سے خطاب میں کہا کہ دنیا کی توجہ سندھ کی جانب اس لیے مرکوز ہوئی کیونکہ صوبائی حکومت نے مشکل حالات میں عملی نتائج دے کر دکھائے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب میں سندھ کا 70 فیصد حصہ زیر آب آیا اور 21 لاکھ مکانات متاثر ہوئے، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہوئے۔ اس بحران کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہر متاثرہ خاندان کو مضبوط اور باوقار گھر فراہم کرنے کا عزم کیا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز (SPHF) منصوبہ اب دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ ریکنسٹرکشن پروگرام بن چکا ہے، جہاں کمزور طبقات، خصوصاً خواتین کو گھر کی ملکیت دے کر انہیں بااختیار بنایا گیا، جس سے سماجی تبدیلی کو فروغ ملا۔انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک عالمی حقیقت ہے اور سندھ اپنے تجربات دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ مشترکہ طور پر پائیدار اور محفوظ رہائش کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ رہائش صرف ایک چھت نہیں بلکہ وقار، مواقع اور استحکام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین اور بچوں پر محفوظ گھر کا اثر گہرا ہوتا ہے، اور جب مکانات خواتین کے نام کی جاتی ہیں تو ان کا وقار، تحفظ اور مالی شمولیت مضبوط ہوتی ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے SPHF پروگرام کو مؤثر مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ماحولیاتی مضبوط گھروں کی تعمیر کے ذریعے لاکھوں افراد کو فائدہ پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار بستیاں سماجی ہم آہنگی، اعتماد اور خواتین کی شمولیت سے بنتی ہیں، اور عملی حل اپنانا ہوں گے جو سستے، مقامی، ماحولیاتی طور پر مضبوط اور کمزور طبقات کو شامل کرنے والے ہوں۔