بابا گرونانک کی دھرتی ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے ہرچرن سنگھ کو پاک فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے، جو پاک فوج میں ترقی پانے والے پہلے سکھ افسر ہیں۔
ہرچرن سنگھ نے ایف سی کالج لاہور سے ایف ایس سی مکمل کرنے کے بعد ملٹری اکیڈمی کاکول میں تربیت حاصل کی اور 27 اکتوبر 2007 کو پاک فوج کے پہلے سکھ کمیشنڈ آفیسر بنے۔ ان کے آباؤ و اجداد بھارت سے نقل مکانی کے بعد کوہاٹ اور بعدازاں ننکانہ صاحب منتقل ہوئے۔پاک فوج میں مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق نہیں کی جاتی اور تمام اقلیتوں کے نوجوانوں کو افسر بھرتی کے امتحان میں حصہ لینے کی اجازت حاصل ہے۔ ہرچرن سنگھ کی ترقی پاک فوج میں اقلیتوں کے بلاامتیاز آگے بڑھنے کی زندہ مثال ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کی آزادی سے لے کر آج تک تمام اقلیتیں ملکی ترقی اور دفاع وطن میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تقریباً 22 غیر مسلم فوجیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔