فضائی آلودگی میں 14 فیصد کمی، پنجاب حکومت کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آگئے

فضائی آلودگی میں 14 فیصد کمی، پنجاب حکومت کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آگئے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں فضائی آلودگی کے خلاف جاری اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔

محکمہ تحفظِ ماحول نے ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کا سائنٹیفک اور اے آئی بیسڈ تجزیاتی ڈیٹا جاری کر دیا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 کے مقابلے میں 2025 کے دوران مجموعی اے کیو آئی میں 14 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی۔ پورے سال میں ایک بھی دن خطرناک (Hazardous) کیٹیگری کا اے کیو آئی سامنے نہیں آیا، جبکہ 12 میں سے 9 ماہ گزشتہ برس کی نسبت بہتر رہے۔رپورٹ کے مطابق 44 دن ایسے رہے جب گرین کیٹیگری یعنی بہترین اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔ سموگ سیزن (اکتوبر، نومبر اور دسمبر) کے دوران بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں 60 فیصد بہتری دیکھی گئی۔

محکمہ تحفظِ ماحول کے مطابق اس وقت لاہور کا اے کیو آئی 189 ریکارڈ کیا گیا ہے اور صبح 10 بجے کے بعد اس میں مزید کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بھٹہ خشت، صنعتوں اور گاڑیوں سمیت تمام آلودگی کے ذرائع پر سخت نگرانی جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، اے آئی بیسڈ ملٹی سیکٹورل ایکشن اور جدید مانیٹرنگ سسٹم کے مثبت اثرات نمایاں ہو رہے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام کے تعاون سے سموگ کے بادل مکمل طور پر ختم کیے جائیں گے اور شہریوں سے ملٹی سیکٹورل ایکشن پلان میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔