حادثات کے کل1594متاثرین میں 1259مرد اور335خواتین شامل ہیں
لاہور(کرائم رپورٹر)ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے گذ شتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1375ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 714افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔861معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (76فیصد)موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی ا عداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 894ڈرائیوز،51کم عمرڈرائیور،508مسافراور192پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ249ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی درالحکومت305متاثرین کے ساتھ پہلے،فیصل آباد 99حادثات میں 111متاثرین کے ساتھ دوسر ے،ملتان90حادثات میں 105متاثرین کے سا تھ تیسرے نمبرپررہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1594متاثرین میں 1259مرد اور335خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 260فراد کی اوسط عمر18سال سے کم895فراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ439زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1419موٹرسائیکلز،106آٹورکشے،160کاریں،32وین،06مسافر بسیں،53ٹرک اور81دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔