لاہور (کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ریسکیو 1122 پنجاب کی جانب سے ریسکیو بلوچستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس امر کا اظہار سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ڈی جی ریسکیو 1122 بلوچستان محمد ذوالفقار جتوئی سے ملاقات کے دوران کیاترجمان ریسکیو کے مطابق ڈی جی ریسکیو بلوچستان نے ایمرجنسی سروسز ہیڈکوارٹرز اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی تعاون، تربیتی امور اور پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیاڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق نہ صرف ریسکیو بلوچستان بلکہ دیگر صوبوں کے ریسکیورز کو بھی ریسکیو اکیڈمی پنجاب میں عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں بلوچستان کے 88 ریسکیور زیر تربیت ہیں۔ڈی جی ریسکیو بلوچستان محمد ذوالفقار جتوئی نے زیر تربیت ریسکیورز سے ملاقات کی اور تربیتی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور ریسکیو 1122 پنجاب کی قیادت کی جانب سے فراہم کردہ تعاون پر اظہارِ تشکر کیا اور اکیڈمی میں جاری عالمی معیار کی تربیت کو سراہاترجمان کے مطابق اب تک ریسکیو بلوچستان کے 501 ریسکیورز ریسکیو اکیڈمی پنجاب سے تربیت مکمل کرکے پاس آؤٹ ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 88 ریسکیور اس وقت تربیت حاصل کر رہے ہیں۔