دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں اور عوام کو انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے
لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کی جانب سے اپنے دفتر میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں شہریوں اور پولیس اہلکاروں کے مسائل سنے جا رہے ہیں اور موقع پر ہی ان کے حل کے احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے کھلی کچہری کے دوران سائلین کی درخواستیں سنیں اور متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کی ہدایات دیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں اور عوام کو انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد سفارشی کلچر کا خاتمہ اور پولیس و عوام کے درمیان فاصلے کم کرنا ہے تاکہ شہری بلا جھجھک اپنے مسائل پیش کر سکیں۔ ڈاکٹر محمد عمر نے واضح کیا کہ شہریوں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کروانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایس پی اقبال ٹاؤن کا کہنا تھا کہ عوام الناس کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے پولیس ہمہ وقت موجود ہے اور عوام کے اعتماد کو بحال رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے۔کھلی کچہری میں پولیس اہلکاران کے مسائل بھی سنے جا رہے ہیں تاکہ فورس کے اندرونی امور کو بہتر بنا کر عوام کو مزید مؤثر سروس فراہم کی جا سکے۔ شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔