وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی (PSPA) کی کارکردگی اور جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعمیراتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کے لیے جدید ڈیٹیکشن سسٹم 15 فروری سے کام شروع کر دے گا، جبکہ اسی روز پلاننگ سپورٹ سسٹم (PSS) کا کنٹرول ماڈیول بھی فعال کر دیا جائے گا۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پلاننگ سپورٹ سسٹم کا پنجاب حکومت کے ای-بز (e-Biz) پلیٹ فارم سے منسلک ہونا ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو بہتر اور تیز رفتار سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ تعمیراتی سکیموں کی پراسیسنگ کے لیے ای-کنسٹرکشن پورٹل پہلے ہی فعال ہو چکا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ وقت کے ساتھ پلاننگ سپورٹ سسٹم کو مزید سادہ اور جامع بنایا جائے تاکہ شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ گرین ایریاز کے غیر منصوبہ بند استعمال کا رجحان ختم کیا جائے گا اور بااختیار اتھارٹی کے قیام سے ماسٹر پلاننگ کا عمل مزید تیز اور مؤثر ہوگا۔اجلاس میں اتھارٹی کو درکار وسائل اور ضروری اشیا کی فراہمی سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی کو اس ضمن میں باقاعدہ سمری تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔