موجودہ کنٹریکٹس کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنانے کیلئے پاور ڈویژن کو فوری نظرثانی اپیل دائر کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیپرا کی جانب سے سولر کے حوالے سے نئے ریگولیشنز کے اجراء کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پاور ڈویژن کو نیپرا کو سولر کے موجودہ صارفین کے کنٹریکٹ کے تحفظ کے حوالے سے فوراً نظر ثانی کی اپیل دائر کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ موجودہ کنٹریکٹس کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جائے۔ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سولر سے مستفید ہونے والے 4 لاکھ 66 ہزار صارفین کا بوجھ 3 کروڑ 76 لاکھ سے زائد صرف نیشنل گرڈ سے بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر نہ پڑے، اس حوالے سے پاور ڈویژن جامع لائحہ عمل تشکیل دے۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیپرا کی جانب سے نئے ریگولیشنز کے اجراء پر بلایاگیا اعلی سطح خصوصی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطااللہ تارڑ، علی پرویز ملک، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر نجکاری محمد علی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔