مختلف مقدمات میں 342 ارب روپے منجمد ہونے سے ترقیاتی کام متاثر ہورہے ہیں، شرجیل میمن

ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک انقلابی اور تاریخی فیصلہ ہے، سینئر صوبائی وزیر
کراچی(آئی این پی )سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ مختلف مقدمات میں 342 ارب روپے منجمد ہونے سے ترقیاتی کام متاثر ہورہے ہیں،ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک انقلابی اور تاریخی فیصلہ ہے۔اپنے ایک  بیان میں  شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ  نئے ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن سے اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد کی خرید و فروخت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگا اور نئے نظام سے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں اور مشنز میں آن لائن سیل ڈیڈ کی تکمیل ممکن ہوگی۔ان کا  مزید کہنا تھا کہ سندھ رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کو رجسٹریشن دفاتر میں ذاتی حاضری سے استثنا حاصل ہوگا جب کہ نادرا سے منسلک ای رجسٹریشن نظام کے ذریعے بائیومیٹرک اور چہرے کی تصدیق ممکن ہوگی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کی کاوشوں سے نہ صرف سمندر پار پاکستانیوں کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ پراپرٹی فراڈ کی روک تھام بھی ممکن ہوگی۔