انگریزوں کے خلاف اپنا خون بہایا ، ہم تعصب کی بنیاد پر بات نہیں کرتے پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ بنایا جانا چاہیے، آئین اور پارلیمنٹ مقدس ہیں
خواجہ آصف نے برادرانِ یوسف کا کردار ادا کر کے تقسیم پیدا کی ، فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے،دہشت گردی کسی ایک جماعت سے منسلک نہیں کی جا سکتی:بیرسٹر گوہر
اسلام آباد(آن لائن )قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ وہ اپوزیشن لیڈر نہ بھی ہوں تو اپنی قومی ذمہ داریاں جانتے ہیںہم نے انگریزوں کے خلاف اپنا خون بہایا ہے، ہم تعصب کی بنیاد پر بات نہیں کرتے پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ بنایا جانا چاہیے، آئین اور پارلیمنٹ مقدس ہیں۔انہوں نے مزید کہاجو آئین کا احترام کرتا ہے ہم اسے سلیوٹ کرتے ہیں، لیکن جو آئین کو روندے گا اسے مردہ باد نہ کہنے والا ہر پاکستانی مجرم ہے۔اجلاس کے دوران بیرسٹر گوہر نے بات کرنے کی اجازت طلب کی تو اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ابتدا میں کہا‘‘میں فرنٹ نشستوں والوں کو بات کی اجازت نہیں دوں گا۔’’اسپیکر نے یاد دلایا کہ گزشتہ روز وقفہ سوالات کا آدھا وقت ضائع ہوا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے بیرسٹر گوہر کو اظہار خیال کی اجازت دے دی۔اجازت ملنے کے بعد بیرسٹر گوہر نے وزیر دفاع خواجہ آصف کی تقریر پر سخت ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا‘‘خواجہ آصف نے برادرانِ یوسف کا کردار ادا کر کے تقسیم پیدا کی ہے۔ فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کسی ایک جماعت سے منسلک نہیں کی جا سکتی‘‘دہشت گرد جہاں بھی ہوں وہ ملک کے دشمن ہیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاسی اختلاف کو غداری سے نہ جوڑا جائے ہمیں غدار کہا جاتا ہے، حالانکہ ہم اسی ملک کے بیٹے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ افواج کے کندھوں پر بیٹھ کر سیاست نہ کی جائے۔