پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر، سہولت کار اور منصوبہ ساز سب کو قانون کے مطابق جواب دہ ہونا ہوگا۔
اسلام آباد میں ایک تقریب کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات صرف پاک فوج کے خلاف نہیں بلکہ پوری قوم کے خلاف تھے، اس لیے ان کا حساب ہونا ناگزیر ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے برسلز میں اپنے خطاب کے دوران کسی سیاسی موضوع پر بات نہیں کی اور نہ ہی کسی معافی کا ذکر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ برسلز میں ہونے والی تقریب میں سیکڑوں افراد شریک تھے جنہوں نے فیلڈ مارشل کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں، لیکن وہاں پاک فوج یا پی ٹی آئی کے حوالے سے کوئی گفتگو نہیں کی گئی۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے زور دیا کہ آرمی چیف کے خطاب کو سیاسی رنگ دینے کی کوششیں بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوج آئین اور قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے اور ہر اُس شخص کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جو 9 مئی کے سانحے میں ملوث تھا۔