انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی ہوگی:وزیراعظم

لیبیا کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس ہے:شہبازشریف‘رپورٹ  طلب

اسلام آباد(آن لائن)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر انسانی اسمگلنگ کے خلاف سخت وارننگ جاری کردی۔اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ جیسے مکروہ عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، اس سے متعلق کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے لیبیا کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحومین کے بلندی درجات کی دعا کی۔وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر کے وزارتِ خارجہ کے حکام کو جاں بحق پاکستانیوں کی شناخت جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔