سرمایہ کار آئیں، انڈسٹری لگائیں ،کام کریں ،کارروائی بعد میں ہوگی صنعتکاروں کو بزنس کیلئے ہر قسم کی آسانی دینا چاہتے ہیں ‘فوری طورپر این او سی ملے گا:وزیراعلی
میرا اور آپ کا پیار کا رشتہ لوگوں کو برداشت نہیں ہوتا،مخالف پر چور ڈاکو کے طعنے کسنے والا مخلص نہیں ہو سکتا‘طلبہ وعدہ کریں ملک کیخلاف کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے:تقریب سے خطاب
ماس ٹرانزٹ سسٹم میں سپیشل افراد اورسینئر سٹیزن کیلئے مفت سفر کی سہولت،طلبہ کیلئے خصوصی سٹوڈنٹ ٹریول کارڈ متعارف کرانے کی تجویز پراتفاق
ٹرام سروس شروع کرنے کیلئے پلان طلب
نگہبان رمضان پیکیج کیلئے 30ارب کی منظوری، اگلے سال سے نگہبان رمضان پیکیج کا اے ٹی ایم کارڈ متعارف کرایا جائے گا‘ 5ہزار960کانسٹیبل بھرتی کئے جائینگے :کابینہ میں فیصلے
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے تحریک انصاف نے 4 سالہ دور اقتدار میں ایک دھیلے کا کام نہیں کیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے جشن سٹیم میں شرکت کی اور طلبہ میں انعامات تقسیم کیے، سکول کے بچوں نے وزیراعلی مریم نواز سے اپنے سکول یونیفارمز پر دستخط کرائے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا مجھے آپ سب بچوں پر بہت فخر ہے، سرکاری سکولوں میں تعلیم پرائیویٹ سے بہت پیچھے ہے، سرکاری سکولوں کے بچوں میں بہت پوٹینشل ہے، تھوڑی سی توجہ دی جائے تو سرکاری سکولوں کے بچے پوری دنیا فتح کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں پورے پنجاب سے بچے آئے ہیں، وزیر تعلیم رانا سکندر بچوں کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، وزیرتعلیم کو کہا تھا بچوں کے مقابلے کرائیں تاکہ ان کی صلاحیت سامنے آئے، آج بچوں کا کام دیکھ کر میں حیران رہ گئی، کلین انرجی کے پراجیکٹس میں بچوں نے سمارٹ سٹی کا ماڈل بنایا ہوا تھا، یہاں 1100 بچے موجود ہیں، میں ان تمام 1100 بچوں کو ایک ایک لیپ ٹاپ دوں گی‘انہوں نے کہا دنیا کے مقابلے کیلئے آپ کو انگریزی پر بھی مہارت حاصل ہونی چاہیے، بچوں کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ کونسا راستہ کامیابی اور کونسا تباہی کی طرف جاتا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ ہم نے 30 ہزار بچوں کو سکالر شپس دیئے ہیں، جن بچوں کو سکالر شپس دیئے شاید وہ اس کے بغیر پڑھ نہ سکتے، میرٹ پر آنے والے بچوں نے بہت سی مجبوریاں بتائیں، میرٹ پر آنے والے 30 ہزار بچوں کو جب سکالر شپس دیئے تو بہت خوشی ہوئی، لوگوں کو لگتا ہے یہ سب پلانٹڈ ہے، میرا اور آپ کا پیار کا رشتہ لوگوں کو برداشت نہیں ہوتا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو تنقید آپ کو بری لگتی ہے وہ آپ کو آگے بڑھنے میں مدد دیتی ہے، دل میں یہ لے کر چلنا ہے کہ تنقید کرنے والوں کو اپنی محنت سے شکست دینی ہے، آپ کے خوابوں کو میں پورا کروں گی، کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے،، مخالف پر چور ڈاکو کے طعنے کسنے والا آپ کے ساتھ مخلص نہیں ہو سکتا، طلبہ وعدہ کریں ملک کیخلاف کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے، کسی کے ذاتی مقاصد کیلئے ایندھن مت بننا‘دریں اثناء وزیرِاعلیٰ کی زیرِصدارت صوبائی کابینہ کا 23واں اجلاس ہوا ،اجلاس میں 90نکات زیر بحث لائے گئے ۔صوبائی کابینہ نے پنجاب میں انڈسٹریلائزیشن کے فروغ کیلئے اہم فیصلہ کیااور سپیشل اکنامک زون انڈسٹریل سٹیٹ،سمال انڈسٹریل سٹیٹ کیلئے ’’ زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی ‘‘کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سرمایہ کار آئیں، انڈسٹری لگائیں ،کام کریں ،کارروائی بعد میں ہوگی۔پنجاب میں صنعتکاروں کو بزنس کیلئے ہر قسم کی آسانی دینا چاہتے ہیں ۔جتنی انڈسٹری لگاسکتے ہیں لگائیں،فوری طورپر این او سی ملے گا۔ انڈسٹری لگانے کیلئے مشکل پراسس کو آسان اور بزنس فرینڈلی بنائیںگے۔ کابینہ اجلاس میں ماس ٹرانزٹ سسٹم میں سپیشل افراد اورسینئر سٹیزن کیلئے مفت سفر کی سہولت کی منظوری گئی اورطلبہ کیلئے خصوصی سٹوڈنٹ ٹریول کارڈ متعارف کرانے کی تجویز پراتفاق کیاگیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹرام سروس شروع کرنے کیلئے پلان طلب کرلیا۔کینسر کے مریضوں کی کیموتھراپی کے متبادل ’’کرایو بلیشن‘‘مشین کیلئے 580ملین کے فنڈز کی منظوری دی گئی اوروزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا کینسر کا جدید طریقہ علاج بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیاگیا۔ پنجاب بھر میں سپیشل ایجوکیشن سینٹرز کو سینٹر آف ایکسیلنس بنانے کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سپیشل ایجوکیشن مراکز کو سپیشل افراد کیلئے فرینڈلی اوربہتربنانے کی ہدایت کی ۔پنجاب میں سپیشل افراد کیلئے خصوصی ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔ 5ہزار960کانسٹیبل بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی۔ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں 127بھرتیوں کیلئے پابندی میں نرمی،چلڈرن پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورومیں 87آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دی گئی جبکہ بیسک اینڈ کلینکل سائنسزمیںڈاکٹرز کی خالی آسامیاں پرکرنے کیلئے عمر کی حد65سال کرنے کی منظوری دی گئی۔سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے آئی سی ٹی میں 25آسامیوں اورتونسہ اورمنکیرہ کے 4دانش سکولوں میں سٹاف کی بھرتی کی منظوری دی گئی۔فارسٹ ڈیپارٹمنٹ میں خالی آسامیوں پر بھرتی کیلئے ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی اورمری میں ٹریفک مینجمنٹ پلان کے تحت 500آسامیوں پر بھرتیوں کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔پنجاب میں ایکسل روڈ مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کیلئے موٹروہیکل آرڈیننس 1965میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔نگہبان رمضان پیکیج کیلئے 30ارب روپے کی منظوری دی جس سے 30ملین افرادمستفید ہوںگے۔پنجاب میں اگلے سال سے نگہبان رمضان پیکیج کا اے ٹی ایم کارڈ متعارف کرایا جائے گا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ عوام کو لائنوں میں نہیں لگنا پڑے گا گھر بیٹھے 10ہزار روپے ملے گا۔