درخواست گزار پیدائش کا کمپیوٹرائزڈ سرٹیفکیٹ، یونین کونسل سے شہریت سرٹیفکیٹ جمع کروائے
اسلام آباد(آئی این پی )نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا ) نے نیا طریقہ کار جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ اب ایسے افراد بھی باآسانی قومی شناختی کارڈ حاصل کر سکیں گے جن کا کوئی زندہ خونی رشتے دار موجود نہیں ہے۔ نادرا کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق درخواست گزار ایک تحریری درخواست کے ساتھ اپنی پیدائش کا کمپیوٹرائزڈ سرٹیفکیٹ، یونین کونسل یا متعلقہ ادارے سے جاری شہریت / نیچرلائزیشن سرٹیفکیٹ جمع کروائے۔اس کے ساتھ نادرا کے مقررہ فارمیٹ کے مطابق حلف نامہ (ب فارم) کسی بھی سی این آئی سی یا این آئی سی او پی ہولڈر کی بائیو میٹرک گواہی کے ساتھ جمع کرنا ضروری ہوگا۔ نادرا احکام کے مطابق ان کیسز میں گواہ کے انتخاب کے لئے دو مرحلہ وار ترجیحات مقرر کی گئی ہے۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایسے کیسز میں اضافی تصدیق اور وقت درکار ہو سکتا ہے تاہم اب خون کے رشتے کی عدم موجودگی میں کسی شہری کی شناخت کے حصول میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔