ڈرائیور اور کنڈیکڑ سمیت پانچ مسافروں کو بچالیا گیا ،12افراد کی تلاش
دریا میں پانی کا بہاو زیادہ ہونے کے باعث آپریشن میں مشکلات :ریسکیو اہلکار
راولاکوٹ، راولپنڈی(آئی این پی )راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں آزاد پتن گراری پل کے قریب آزادکشمیر سے آنے والی مسافر وین دریا میں جا گری، ڈرائیور اور کنڈیکڑ سمیت پانچ مسافر بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ دیگر12 مسافروں کی تلاش کیلئے ریسکیو 1122 اور امدادی ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔اطلاعات کے مطابق ہجیرہ آزاد کشمیر سے راولپنڈی آنے والی ٹیوٹا ہائی ایس 7599 ادریس نامی ڈرائیور چلا رہا تھا۔ ہجیرہ سے کنڈیکڑ کے ہمراہ پانچ مسافروں کو سوار کرکے راولپنڈی کی جانب آرہی تھی کہ راستے میں 9 دیگر مسافر وین میں سوار ہوئے کہ آزاد پتن گراری پل کی قریب پہنچی تو گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک کے ساتھ گہرائی میں بہتے ہوئے دریا میں جا گری۔عینی شاہدین کی مطابق دریا میں گاڑی کا بمشکل چھت کا ایک حصہ دکھائی دے رہا ہے جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچا اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ریسکیو و عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں سوار ڈرائیور سمیت تین دیگر مسافر اور ایک کنڈیکٹر کسی نہ کسی طرح نکل آئے جو زخمی بتائے جاتے ہیں، کنڈیکڑ کی حالت شدید تشویشناک تھی جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دریا میں پانی کا بہاو زیادہ ہونے کے باعث آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔