عمران خان کو ملٹری ٹرائل کی طرف لے جایا جا رہا:مصطفی نواز

حکومت اور اسٹیبلیشمنٹ کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، سول نافرمانی تحریک کا اعلان جلد بازی 
اسلام آباد( خصوصی رپورٹ) سابق سینیٹر مصطفی نواز کھو کھر نے کہا ہے کہ فیض حمید کے خلاف چارج شیٹ کے بعد لگ رہا ہے کہ عمران خان کو ملٹری ٹرائل کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔حکومت اور اسٹیبلیشمنٹ کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے اور پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔وہ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں نفرت کا بیچ بویا جا رہا ہے، حکومت مثبت انداز میں تحریک انصاف کے مذاکرات کا جواب دے،اسٹیبلیشمنٹ کو ایک قدم پیچھے جا کر مذاکرات اور تحریک انصاف سے بات کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلی مرتبہ مذاکرات کی حامی بھری ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے جو سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے اس میں اس نے جلد بازی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی اب کسی قسم کی کوئی توقیر نہیں رہی ہے اس کی عزت اور احترام ختم ہو گیاہے۔