قومی حکومت کے وزیراعظم کیلئے فضل الرحمان، محمود اچکزئی بہترین چوائس:فواد چودھری

پی ٹی آئی کو حکومت کے بجائے پہلے اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کرنے چاہئیں ،سابق وفاقی وزیرکاانٹرویو
اسلام آباد(آئی این پی )سابق وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ قومی حکومت کے وزیراعظم کیلئے فضل الرحمان اور محمود اچکزئی بہترین چوائس ہوسکتے ہیں، فیصلہ کرنا ہوگا کہ پاکستان کی سیاست کو مزید مسائل میں دھکیلنا ہے یاسلجھانا ہے، عمران خان کو مائنس اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے چکر میں( ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کی سیاست ختم ہوگئی،موجودہ سیاسی انتظامی اور عدالتی بحران 76سالہ تاریخ میں نہیں دیکھا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فیض حمید کے خلاف ایک حصہ ٹاپ سٹی کا معاملہ تھا جس پر کورٹ مارشل شروع کردیا گیا ہے، دوسرے پارٹ پر تحقیقات جاری ہیں، عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف جتنے کیس چلے ہیں ان میں کونسی شفافیت ہے؟،ایشو یہ ہے کہ پاکستان کی سیاست ایک منجدھار میں ہے، ہم یہ فیصلہ نہیں کرسکتے کہ پاکستان کی سیاست کو مزید مسائل میں دھکیلنا ہے یاسلجھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ دو سال میں سیاسی تلخیاں بڑھی ہیں، عمران خان کو گرانے، مائنس کرنے اور سیاسی پوزیشن کو ختم کرنے کے چکر میں پی ٹی آئی کو ختم کیا گیا، پی ٹی آئی کو ختم کرنے کے لئے (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی ختم ہوگئی، جوڈیشری ختم کرنا پڑی، اینٹی ٹیررازم کورٹ سے ہائیکورٹس تک گئے پھر سپریم کورٹ 26ویں ترمیم کے ذریعے وہ بھی ختم کردی، پاکستان میں سیاسی انتظامی اور عدالتی بحران پاکستان کی 76سالہ تاریخ میں نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جب اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہوں پھر حکومت سے بات کی جائے، قومی حکومت بنانے کیلئے سیاسی درجہ حرارت نیچے لانا ہوگا ۔ قومی حکومت کیلئے نوازشریف، آصف زرداری اور عمران خان اور فضل الرحمان ان سے نئے وزیراعظم کیلئے دو دو نام لے لیں، وزیراعظم کیلئے فضل الرحمان اور محمود اچکزئی بھی بہترین چوائس ہوسکتے ہیں، ایک سال کیلئے قومی حکومت بنے ، 9مہینے میں الیکشن کا عمل شروع کیا جائے، حکومت سے عمران خان اور عمران خان سے انقلاب مینیج نہیں ہورہا، پی ٹی آئی کو حکومت کے بجائے پہلے اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کرنے چاہئیں۔