بیرسٹر گوہر سمیت دیگر لوگوں کو تو بانی پی ٹی آئی جانتے بھی نہیں ، سابق وفاقی وزیر کی گفتگو
لاہور(آئی این پی )سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے وفاقی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں تو وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو تو رہا کیا جائے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور 99 فیصد معاملات طے ہونے کی غلط بات کر رہے تھے۔ میڈیا چینلز کو انٹرویوز میں انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر سمیت دیگر لوگوں کو تو بانی پی ٹی آئی جانتے بھی نہیں اور موجودہ قیادت کا ان سے اس طرح کا تعلق نہیں، پی ٹی آئی سے سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں تو شاہ محمود کو تو رہا کیا جائے، شاہ محمود، اعجاز چودھری اور یاسمین راشد کو کم از کم ضمانت تو دی جائے۔فواد چودھری کا کہنا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور 99 فیصد معاملات طے ہونے کی غلط بات کر رہے تھے، بانی پی ٹی آئی کی طرف سے تو معاملات طے نہیں ہوئے، گنڈاپور نے عمران خان کی جیل سے منتقلی کیلئے اپنا ذہن خود بنا لیا تھا، بانی پی ٹی آئی نے مجھے بتایا ہے انہیں تو پہلے سے آفرز ہو رہی تھیں، اس وقت بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ایک ہی مفاد ہے نئے الیکشن ہونے چاہئیں، فضل الرحمان اور محمود اچکزئی کی بانی پی ٹی آئی سے تلخیاں کم ہیں اس لیے دونوں کے ذریعے بات چیت شروع ہونی چاہیے۔