فروری میں ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج ،جنوری میں سرینا چوک انٹرچینج کا افتتاح کیا جائیگا ،وزیر دخلہ
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج اور سرینا چوک انٹرچینج پراجیکٹس کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے دونوں میگا پراجیکٹس پر تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور منصوبوں کے انڈر پاسز اور فلائی اوور کی تعمیر کے کاموں کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے دونوں منصوبوں کی سائٹس پر کام کرنے والے ورکرز سے ملاقات کی، ورکرز کو شاباش دی اور انکی حوصلہ افزائی بھی کی۔انہوں نے انڈر پاس کو صرف 43دن میں مکمل کرنے پر کنٹریکٹر، اسلام آباد انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج میں شامل انڈر پاس 25دسمبر کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا جبکہ فروری کے دوسرے ہفتے انٹرچینج کا مکمل افتتاح کیا جائے گا، سرینا چوک انٹرچینج کا جنوری کے پہلے ہفتے میں افتتاح کیا جائے گا جو صرف 60دن میں مکمل ہو گا۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ دونوں منصوبوں کو ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، دونوں منصوبوں پر 24 گھنٹے کام جاری رکھا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے دونوں پراجیکٹس پر پیشرفت کے بارے بریفنگ دی جبکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، سی ڈی اے کے سینئر افسران اور کنٹریکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔