وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی پہلی قومی یوتھ پالیسی کا اعلان کیا

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی پہلی قومی یوتھ پالیسی کا اعلان کیا

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی پہلی نیشنل یوتھ پالیسی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت تمام لیبر فورس میں خواتین کے لیے 35 فیصد کوٹا لازمی قرار دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ نوجوانوں کو اسٹارٹ اپ کے لیے امداد فراہم کی جائے گی۔ یہ اعلان انہوں نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں لاکھوں ذہین نوجوان موجود ہیں جنہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے تو وہ دوسروں کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔ مگر ستم ظریفی یہ ہے کہ امرا کے بچوں کو دنیا بھر کی اعلیٰ تعلیمی درس گاہوں میں تعلیم کے مواقع میسر ہیں، جبکہ غریب والدین اپنے بچوں کی تعلیم کے لیے شدید خواہش رکھتے ہیں مگر وسائل نہیں رکھتے۔ اسی لیے انہوں نے غریب بچوں کے لیے دانش اسکولز قائم کرنے کا اعلان کیا، جن کا معیار ایچی سن کالج سے کم نہیں ہوگا۔ یہ اسکول پنجاب، جی بی، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں قائم کئے جائیں گے اور مفت تعلیم فراہم کریں گے۔وزیراعظم نے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امیر اور غریب کے بچوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ایک ہزار طلبہ کو سرکاری خرچ پر چین بھیجا جائے گا تاکہ وہ آئی ٹی اور اے آئی کی تعلیم حاصل کریں۔

اسی طرح، اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی اگلے سال شروع ہو جائے گی، جہاں ٹیکنیکل اور جدید علوم پر تعلیم دی جائے گی، اور داخلہ میرٹ کے مطابق ہوگا۔مزید برآں، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال سات لاکھ بچوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کیا گیا، اور اس سال مزید ڈھائی لاکھ بچوں کو کروم بکس دیے جائیں گے، جن میں پرائیویٹ اسکول کے طلبہ شامل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ صرف ایک مشین نہیں، بلکہ ایک مشن ہے جس سے بچوں کو روزگار اور جدید دنیا میں داخلہ ملے گا۔وزیراعظم نے یوتھ پالیسی کے تحت یہ بھی اعلان کیا کہ لیبر فورس میں خواتین کے لیے 35 فیصد کوٹا لازمی ہوگا اور نوجوانوں کو روزگار کے بجائے اسٹارٹ اپ کے لیے 10 فیصد کوٹا دیا جائے گا۔ یہ اقدامات نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر بنانے اور ملک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم ہیں۔