انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حالیہ ٹیسٹ بیٹرز اور بولرز کی رینکنگ جاری کردی ہے، جس میں پاکستان کے کپتان بابراعظم اور اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق نے نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔
رینکنگ کے مطابق، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور ٹیسٹ بیٹرز میں پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ انگلینڈ کے ہیری بروک دوسرے اور جو روٹ تیسرے نمبر پر ہیں۔پاکستانی کپتان بابراعظم نے 5 درجے کی ترقی کے ساتھ ٹاپ 10 میں واپسی کی ہے، اور اب وہ 10ویں نمبر پر موجود ہیں۔ یہ تقریبا 2 برس کے بعد ہے کہ بابراعظم ٹاپ ٹین بیٹرز میں شامل ہوئے ہیں۔ عبداللہ شفیق نے بھی زبردست پیش رفت کی ہے، انہوں نے 25 درجے کی چھلانگ لگاتے ہوئے 32ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔دوسری جانب، پاکستان کے بیٹر سعود شکیل کی رینکنگ میں 2 درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ 26ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ایک درجے تنزلی کے بعد 27ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔پاکستان کے سابق کپتان شان مسعود 3 درجے کی تنزلی کے بعد 39ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، اور سلمان علی آغا 6 درجے تنزلی کے بعد 38ویں نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی کی ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپرت بمرا کا پہلا نمبر برقرار ہے، نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری دوسرے اور آسٹریلیا کے مچل سٹارک تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان سے، فاسٹ بولر شاہین آفریدی 28ویں نمبر پر ہیں، جبکہ ساجد خان 5 درجے ترقی کے بعد 30ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ خرم شہزاد بھی ایک درجے ترقی کے بعد 51ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ٹیسٹ آل راونڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجا کا پہلا نمبر برقرار ہے۔ یہ ترقی حالیہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں پاکستانی بیٹرز کی بہتر کارکردگی کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے۔