عمان کے ساحل کے قریب ایک بڑے آئل ٹینکر سے خارج ہونے والا تیل سمندر میں پھیلنا شروع ہو گیا ہے، جس سے ماحولیاتی آلودگی کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، اقوام متحدہ کے بحری ادارے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) نے بتایا ہے کہ روس سے ایشیا جانے والے تیل سے لدا ہوا تینکر "کیرولین بیزینگی" عمان کے ساحل کے قریب پھنس گیا تھا۔آئی ایم او کے ترجمان کے مطابق، سمندر میں پھیلنے والا تیل عمان کے القبلیہ جزیرے کے شمال مشرقی ساحلی علاقے کی جانب بڑھ رہا ہے، اور کچھ اطلاعات کے مطابق یہ تیل عمان کی سرزمین تک بھی پہنچ سکتا ہے۔حکام نے فوری طور پر ہنگامی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر تیل کا پھیلاؤ جاری رہا تو یہ سمندری حیات، ساحلی علاقوں اور ماہی گیری کی سرگرمیوں کے لیے بڑے نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔حادثے کے وقت، یہ ٹینکر روس سے ایشیا منتقل کیا جانے والا تقریباً 8 لاکھ بیرل خام تیل لے کر عمان کے ساحل کے قریب تھا۔یہ ٹینکر عمان کے ماہی گیری کے گاؤں شربیتات سے تقریباً 22 بحری میل کے فاصلے پر موجود ہے۔
حکام کے مطابق، تیل کے رساؤ کی شدت، آلودگی کے پھیلاؤ اور اسے روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔عمان کا یہ ساحلی علاقہ بحری تجارت اور ماہی گیری کے لیے اہم ہے، اس لیے ماہرین کی توجہ اس بات پر ہے کہ تیل کے اخراج کو مزید پھیلنے سے کس طرح روکا جائے تاکہ ماحولیاتی نظام کو کم سے کم نقصان پہنچے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات ضروری ہیں تاکہ ساحلی اور سمندری ماحولیاتی نظام کو بچایا جا سکے اور مقامی معیشت پر منفی اثرات سے بچا جا سکے۔