طلبہ کوہزاروں ڈالر کے گوگل سرٹیفکیشن کورسز مفت کرائینگے:وزیرتعلیم پنجاب
قراقرم یونیورسٹی میں 500 طلبہ کو6 کروڑ کے سکالرشپ تقسیم کی تقریب،خطاب
لاہور(خصوصی رپورٹ)صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے اپنے تعلیمی وسائل پورے پاکستان کے نوجوانوں کیلئے وقف کر رکھے ہیں، ماضی کے حکمرانوں نے نوجوانوں کو صرف وعدے اور نعرے دیئے جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر قیادت حکومت نوجوانوں کو انکا حق دے رہی ہے۔ قراقرم یونیورسٹی گلگت میں گلگت بلتستان کے 500 طلبہ کو 6 کروڑ سے زائد کے سکالرشپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے رانا سکندرنے مزید کہا گلگت کے نوجوانوں کیلئے پنجاب صرف سکالرشپ نہیں بلکہ محبت، اعتماد اور تعلیمی شراکت داری کا پیغام لیکر آیا ہے۔ یہاں کے طلبہ کیلئیسکالرشپس وزیر اعلیٰ مریم نواز کا خصوصی تحفہ ہے۔ گلگت کے نوجوانوں کی فرمائش پر وزیر تعلیم نے جلد لیپ ٹاپس بھجوانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ سے جی بی کے نوجوانوں کیلئیمنظوری لیکر لیپ ٹاپس جلد بھجوائے جائینگے۔ انہوں نے گلگت کے طلبہ کیلئے 1000 گوگل کیرئیر سکالرشپ کا بھی اعلان کیا اور کہا گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو ہزاروں ڈالر کے گوگل سرٹیفکیشن کورسز مفت کرائینگے۔ وزیر تعلیم نے کہا پنجاب کے ہونہار سکالرشپ پروگرام میں دیگر صوبوں کے طلبہ کیلئے بھی کوٹہ مختص ہے۔ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے طلبہ پنجاب کے تعلیمی منصوبوں سے مستفید ہو رہے ہیں، آئندہ چند دنوں میں سکالرشپس کا تحفہ لیکر آزاد کشمیر بھی جا رہے ہیں۔پنجاب بڑا بھائی ہے، دوسرے صوبوں کا خیال رکھ کر فرض ادا کر رہے ہیں۔