موجودہ الیکشن میں لوگوں کی رائے پر حکومتیں نہیں بنیں، فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا ہو گا
پیٹرولیم لیوی کیخلاف16 اگست کو چاروں صوبوں میں احتجاج کریں گے:امیر جماعت اسلامی
کراچی(آئی این پی ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے آئین کے مطابق اور عوامی رائے سے جو نئے یونٹس بن سکتے ہیں تو بننے چاہئیں،موجودہ الیکشن میں لوگوں کی رائے پر حکومتیں نہیں بنیں،جب آپ لوگوں کی مرضی پر حکومتیں نہیں بناتے تو اعتماد کا بحران ہوتا ہے، پورے فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا ہو گا، پیٹرولیم لیوی کیخلاف16 اگست کو چاروں صوبوں میں احتجاج کریں گے، لاہور میں وزیراعلی ہاوس اور سندھ میں گورنر ہاوس پر دھرنے ہوں گے،میر رضا کیس میں پولیس کا پورا سسٹم ایکسپوز ہوگیا، کسی کا دبائو ہے تو اس کو سامنے آنا چاہئے۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے یونٹس بنانے کے معاملے پر آئین سے ماورا کوئی کام نہیں ہونا چاہئے، جو حکومت عوام کی رائے کے ساتھ نہیں ہوتی وہ کسی بہت اچھے آئیڈیا کو بھی ٹھیک طریقے سے لے کر نہیں چل سکتی۔انہوں نے کہا کہ جب حکومت لوگوں کی مرضی مطابق نہ بنے تو اعتماد کا بحران پیدا ہو جاتا ہے جس سے پھر کوئی چیز قابو میں نہیں آتی اور اب تو یہ اعتراف خود سسٹم کے مرکزی کرداروں نے کرلیا ہے۔ اس پورے فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا ہو گا۔ تمام ادارے اپنا کام آئین کے مطابق کریں تو سارے مسئلے حل ہو سکتے ہیں۔