چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ایک اہم پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے عدلیہ کی ذمہ داریوں اور اصلاحات پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر فرد کی عزت، آزادی اور مساوات کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور موجودہ دور میں سماجی، معاشی اور ٹیکنالوجیکل چیلنجز کے باوجود عدلیہ قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔چیف جسٹس کا یہ بھی کہنا تھا کہ انصاف ہر شہری کے لیے قابلِ رسائی اور بروقت فراہم ہونا چاہیے۔ عدلیہ اصلاحات کا مقصد نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، شفافیت میں اضافہ کرنا اور ان رکاوٹوں کو کم کرنا ہے جو خاص طور پر کمزور اور محروم طبقات کے حقوق کے حصول میں رکاوٹ بنتی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال، ججوں کی تربیت اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو بہتر بنا کر ایک ایسا عدالتی نظام تشکیل دیا جا رہا ہے جو بلا خوف و رعایت انصاف فراہم کرے۔چیف جسٹس نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ صرف عدالتوں کی ذمہ داری نہیں، بلکہ یہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ یہ آئینی وژن اور قومی اقدار کا اہم حصہ ہے، اور ہمیں مل کر اس کے تحفظ کے لیے کام کرنا ہوگا۔