ملزم نے چند روز قبل معمر خاتون کی بالیاں نوچ لی تھیں، سی سی ڈی نے چھاپہ مارا تو مقابلہ ہوگیا

رات گئے مقابلہ  بالیاں نوچنے والا ڈاکو ساتھی سمیت ہلاک
ملزموں نے سی سی ڈی کینٹ کی ٹیم پر فائرنگ کردی ، گولیاں ایس ایچ او عاطف ذوالفقا ر کی بلٹ پروف جیکٹ پر لگیں، بالیاں نوچ کر فرار ہونے والا ملزم شرافت اور ساتھی جون شاہ مارے گئے، دونوں سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کے علاقے مناواں میں پولیس اور خطرناک اشتہاری ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں معمر خاتون کے کان سے بالیاں نوچنے والا مرکزی ملزم شرافت علی اپنے ساتھی جون شاہ سمیت ہلاک ہو گیا۔دونوں ڈاکو پولیس کو کئی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ذرائع کے مطابق یہ مقابلہ اس وقت پیش آیا جب سی سی ڈی کینٹ کی ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔مقابلے کے دوران ایس ایچ او عاطف ذوالفقار بال بال بچ گئے، جب کہ فائر کی گئی گولیاں ان کی بلٹ پروف جیکٹ پر لگیں۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا مرکزی ملزم شرافت علی چند روز قبل لاہور کے علاقے غازی آباد میں بزرگ خاتون کے کانوں سے بالیاں نوچ کر فرار ہو گیا تھا۔اس کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فوری نوٹس لیا تھا اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔سی سی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ہلاک ملزمان ریکارڈ یافتہ تھے اور لاہور سمیت مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔