فرانس کے شمالی علاقے میں گرولین نیوکلیئر پاور پلانٹ کے چار ری ایکٹرز کو جیلی فش کے ایک بڑے اور غیر متوقع ہجوم کے باعث عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
پلانٹ کے آپریٹر ای ڈی ایف (EDF) کے مطابق کولنگ سسٹم کے فلٹر ڈرمز میں جیلی فش بھر جانے سے ری ایکٹرز خودکار نظام کے تحت بند ہوئے۔ یہ پاور پلانٹ فرانس کے سب سے بڑے جوہری منصوبوں میں سے ایک ہے، جس کے 6 یونٹس مجموعی طور پر 5.4 گیگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔واقعے کے دوران ری ایکٹرز 2، 3 اور 4 فوراً بند ہو گئے، جبکہ چند گھنٹوں بعد ری ایکٹر 6 کو بھی روک دیا گیا۔ پلانٹ کے باقی 2 یونٹس پہلے سے ہی مرمت کے لیے بند تھے، جس کے باعث مکمل پیداواری صلاحیت عارضی طور پر معطل رہی۔ای ڈی ایف نے واضح کیا کہ فلٹر پمپ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، صرف صفائی درکار ہے، اور ری ایکٹرز جلد دوبارہ چلنے کی توقع ہے۔ کمپنی کے مطابق اس واقعے سے پلانٹ، عملے یا ماحول کی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوا۔