سلطنتِ عمان کی براکہ نیوکلیئر پلانٹ پر ڈرون حملے کی شدید مذمت

سلطنتِ عمان کی براکہ نیوکلیئر پلانٹ پر ڈرون حملے کی شدید مذمت

سلطنتِ عمان نے متحدہ عرب امارات کے ابوظبی میں واقع براکہ نیوکلیئر پلانٹ پر ہونے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔

عمانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سلطنتِ عمان اس واقعے پر متحدہ عرب امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور امارات کی سلامتی، خودمختاری اور سرزمین کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کے جارحانہ اور کشیدگی کو بڑھانے والے اقدامات کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں ہیں، کیونکہ یہ نہ صرف ایک ملک کی سلامتی بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

عمانی حکام نے زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق خطے کے دیرپا مسائل کا حل صرف مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے، جبکہ طاقت کے استعمال اور جارحانہ اقدامات صورتحال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔عمان نے عالمی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ وہ خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور ایسے اقدامات کی حوصلہ شکنی کرے جو علاقائی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔