معروف سویڈش ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ نے کہا ہے کہ وہ اور ان کے ساتھی غزہ کے لیے دوبارہ سمندری راستے سے امداد پہنچانے کی مہم کی تیاری کر رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 22 سالہ گریٹا تھنبرگ نے بتایا کہ اس مہم کے تحت درجنوں کشتیاں اسپین سے روانہ ہوں گی، جو غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان لے کر جائیں گی۔ اس کے علاوہ تیونس اور دیگر اہم بندرگاہوں سے بھی متعدد کشتیاں امداد لے کر روانہ کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس مشن میں زیادہ سے زیادہ ممالک کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور اب تک 44 سے زائد ممالک کو اس مہم کا حصہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔گریٹا تھنبرگ اس سے قبل بھی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی محاصرے کے خلاف آواز بلند کرتی رہی ہیں، اور اس بار ان کی مہم کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران کے لیے براہِ راست امداد پہنچانا ہے۔