غزہ کے فلسطینی عوام کی امداد کے لیے آئندہ ماہ ایک وسیع پیمانے پر امدادی قافلہ روانہ ہونے جا رہا ہے، جس میں تقریباً 100 کشتیاں اور 1000 سے زائد امدادی کارکن شامل ہوں گے۔
یہ قافلہ گلوبل صمود فلوٹیلا کے زیر اہتمام روانہ ہوگا، جو گزشتہ سال بھی غزہ تک امدادی سامان پہنچانے کی کوشش کر چکا ہے۔قافلے کے منتظمین کے مطابق اس بار مہم میں طبی عملہ، انسانی حقوق کے کارکن اور جرائم کے تفتیش کار بھی شامل ہوں گے تاکہ نہ صرف انسانی ضروریات پوری کی جا سکیں بلکہ غزہ میں پائے جانے والے بحران اور پابندیوں کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا جا سکے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں اسرائیل نے 40 کشتیاں اور 450 کارکنوں کو روک دیا تھا، جس کی وجہ سے غزہ میں مقامی فلسطینی عوام کو امداد پہنچانے کی کوشش ناکام رہی تھی۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس بار قافلہ زیادہ منظم اور پُرعزم ہے اور وہ عالمی کمیونٹی کی توجہ حاصل کرنے کے لیے بھی کوششیں کریں گے تاکہ ناکہ بندی کو توڑ کر ضروری امداد پہنچائی جا سکے۔اس اقدام کو فلسطینی عوام کی مدد کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں اور غزہ میں انسانی بحران کی موجودہ صورتحال پر عالمی سطح پر توجہ دلانے کی کوشش کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔