ایتالیہ کے کاتانیا سے روانہ ہونے والا امدادی جہاز "مدلین" جس پر معروف ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور آئرش اداکار لیام کننگھم شامل ہیں، غزہ کے لیے روانہ ہو گیا ہے تاکہ اسرائیلی محاصرے کو چیلنج کیا جا سکے۔
فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے تحت یہ انسانی ہمدردی مشن 12 رضا کاروں اور چند بنیادی امدادی سامان کے ساتھ شروع کیا گیا ہے۔گریٹا تھنبرگ نے روانگی سے قبل کہا کہ یہ مشن انسانیت کے لیے ایک آواز ہے اور دنیا کی خاموشی نسل کشی کے شکار افراد کے حق میں آواز نہ اٹھانے سے کہیں زیادہ خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش جاری رکھنا ضروری ہے تاکہ انسانیت کا دامن تھامے رکھا جا سکے۔یاد رہے کہ اسی تنظیم کے جہاز "کانشس" کو رواں ماہ مالٹا کے قریب دو ڈرون حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کا الزام تنظیم نے اسرائیل پر لگایا تھا۔ اسرائیل کی جانب سے اس پر کوئی ردعمل نہیں آیا۔اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کی صورتحال اکتوبر 2023 کے بعد سے بدترین ہے، جبکہ عالمی اداروں نے "غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن" سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے کیونکہ وہ اسے غیرجانبدار اور امداد کے بدلے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کی کوشش کرنے والا قرار دیتے ہیں۔