امیت کی بیوی ٹرک کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئی تھی‘راہگیروں کو مدد کیلئے کہتا رہاکسی نے ساتھ نہ دیا
ناامید ہو کر بیوی کی لاش کپڑے میں ڈال کر موٹرسائیکل سے باندھ لی‘راستے میں پولیس نے روک لیا
ناگپور(مانیٹرنگ ڈیسک) غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش کو اس کا شوہر موٹر سائیکل پر باندھ کر لے جانے پر مجبور ہو گیا، کیونکہ راہگیروں میں سے کسی نے مدد کی زحمت نہ کی۔واقعہ اس وقت پیش آیا جب 35 سالہ امیت یادو اپنی بیوی گیارسی کے ہمراہ لونارا سے کرنپور جا رہا تھا۔ مورپھٹا کے قریب ایک تیز رفتار ٹرک نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، جس کے باعث گیارسی سڑک پر گر گئی۔ ڈرائیور نے نہ صرف رکنے کی زحمت نہ کی بلکہ گیارسی کو کچل کر موقع سے فرار ہو گیا۔حادثے کے بعد امیت نے بارہا راہگیروں سے مدد کی اپیل کی، مگر کوئی نہ رکا۔ ناامیدی میں اس نے بیوی کی لاش کو کپڑے سے موٹر سائیکل پر باندھا اور خود گاؤں لے جانے کے لیے نکل پڑا۔راستے میں پولیس نے جب یہ منظر دیکھا تو فوری طور پر امیت کو روکا اور لاش کو اندرا گاندھی میڈیکل کالج، ناگپور منتقل کیا۔ پولیس نے حادثاتی موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور پوسٹ مارٹم کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔